ٹمکورو 5 مئی (ایس او نیوز؍یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر حملہ جاری رکھتے ہوئے آج کانگریس پر کرناٹک میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں جنتا دل(سیکولر) کے ساتھ خفیہ معاہدہ کرنے کا الزام لگایا۔مسٹر مودی نے اپنے انتخابی مہم کے تیسرے دن یہاں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں پارٹیوں میں اتحاد کی وجہ سے ہی گریٹرر بنگلورو میونسپل کارپوریشن میں مےئر کے عہدہ پر کانگریس کی جیت کا راستہ ہموار ہوا ۔ حالانکہ بی جے پی نے سب سے زیادہ سیٹیں جیتی تھیں اور اتحاد بھی بنایا تھا۔ لیکن ریاست میں باقی جگہ دونوں پارٹیاں پراکسی جنگ میں مصروف رہیں۔وزیر اعظم نے دعوی کیا کہ جنتا دل سیکولر کانگریس کی حمایت کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کئی انتخابی سروے میں آئے نتائج سے یہ پوری طرح واضح ہوگیا ہے کہ جنتا دل سیکولر الیکشن میں تیسرے نمبر پر رہے گی۔مسٹر مودی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے 2014میں لوک سبھا الیکشن کے دوران کہا تھا کہ اگر مسٹر مودی اقتدار میں آتے ہیں تو وہ خود کشی کرلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ لیکن میں نے ان سے انتخابی جلسوں میں کہا تھا کہ انہیں ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہئے ۔ وہ ان کی کافی عزت کرتے ہیں۔